کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے کراچی طیارہ حادثے کی تحقیقات رکوانے کی اپیل پر وفاقی حکومت اور ڈائریکٹر جنرل ایوی ایشن سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے پائلٹ کے بھائی محمد اعظم کی اپیل پر سماعت کی، محمد اعظم نے تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کو چیلنج کر رکھا ہے۔
عدالتی استفسار پر اپیل کنندہ کے وکیل نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی کے ارکان تحقیقات کے لیے تجربہ کار نہیں، تحقیقات کے لیے انکوائری ٹیم کی تشکیل میں رولز کو بھی نظر انداز کیا گیا۔
عدالت نے درخواست گزار کی حادثے کی حتمی تحقیقاتی رپورٹ روکنے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔
یاد رہے کہ پی آئی اے کے طیارے کو 22 مئی 2020 ء کو کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں اندوہناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں 97 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے۔