سرینگر (اصل میڈیا ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کشمیری نوجوانوں کو سرینگر میں جعلی مقابلے میں شہید کیا۔قابض بھارتی فوجیوں نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔
سرچ آپریشن کے نام پر بھارتی فوجی گھروں میں گھس کر کشمیریوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔سرینگر اور دیگر علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔
کشمیری نوجوانوں کے بھارتی فورسز کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں قتل کیخلاف مقبوضہ وادی میں آج مکمل ہڑتال ہے۔ دکانیں، کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ ہڑتال کی اپیل آل پارٹیز حریت کانفرنس کے اسیر چئیرمین مسرت عالم بٹ نے کی ہے۔ مسرت عالم دلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔
بھارتی فورسز نے کشمیریوں کو احتجاجی ریلیاں نکالنے سے روکنے کے لئے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔