جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) جرمنی کے نئے حکومتی اتحاد کی جانب سے جدت پر مبنی ایجننڈا پیش کیا گیا ہے۔ تاہم کچھ ناقدین کی رائے میں یہ ایجنڈا موسمیاتی تبدیلیوں کے چینلج سے نبردآماز ہونے کے لیے ناکافی ہے۔
جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی، گرین پارٹی اور فری ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے آزادی، انصاف اور دیر پا ترقی پر مبنی ایجنڈا پیش کیا گیا ہے۔ اس نئے حکومتی اتحاد میں گرین پارٹی کا سن 2030 تک جرمنی کی کوئلے کی انڈسٹری کو بند کر دینے کا مطالبہ مانا گیا ہے۔ اور ایف ڈی پی کو وزارت خزانہ جیسی اہم وزارت ملی ہے جس کی سربراہی اس پارٹی کے لیڈر کرسچن لنڈر کریں گے۔ گرین پارٹی کے شریک سربراہ رابرٹ ہابیک معیشت اور توانائی کی وزارت سنبھالیں گے۔
اسی وزارت میں ماحولیات کو بھی شامل کر دیا جائے گا۔ اتحادی حکومت کی تشکیل میں گرین جماعت کی چند دیگر شرائط کو تسلیم کرنا شامل تھا۔ نئی حکومت کوشش کرے گی کہ سن 2030 تک ملک کی توانائی کا اسی فیصد انحصار توانائی کے متبادل ذرائع سے حاصل کیا جائے اور جرمن سٹرکوں پر کم از کم پندرہ ملین الیکٹرک کاریں ہوں۔
ہابیک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس حکمت عملی کے ساتھ جرمنی عالمی درجہ حرارت کو صنعتی ترقی سے قبل کے درجہ حرارت سے ایک اعشاریہ پانچ ڈگری زائد کی سطح تک محدود کرنے میں اپنا کردار ادا کر پائے گا۔
لیکن ماحولیاتی گروپس کا کہنا ہے کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنے حکومتی ایجنڈا ناکافی ہے۔ اس معاہدے میں جرمنی کی موٹر ویز پر گاڑی کی حد رفتار نہیں لگائی گئی اور نہ ہی پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں پر پابندی عائد کرنے کی کوئی تاریخ بتائی گئی ہے۔
قدامت پسند پالیسیوں سے دوری جرمنی کے نئے حکومتی اتحاد کی کوشش ہے کہ چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کی قدامت پسند پالیسیوں کو تبدیل کیا جائے۔ نئی حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ لائسنس شدہ اسٹورز سے کینیبس یا ”بھنگ‘‘ خریدنا ممکن ہوگا۔ جرمنی کے لاکھوں تارکین وطن کے لیے ایک انتہائی اہم پیش رفت یہ ہو گی کہ وہ جرمنی میں تین سال قیام کے بعد اپنے ملک کی شہریت ختم کیے بغیر جرمن شہریت حاصل کر سکیں گے۔ جرمنی میں ووٹ ڈالنے کی کم از کم عمر کو اٹھارہ کے بجائے سولہ برس کر دیا جائے گا۔
ستمبر میں جرمن انتخابات میں کامیابی حاصل کرنےوالی جماعت ایس پی ڈی کے اولاف شولس ملک کے چانسلر ہوں گے۔ یہ سیاسی جماعت کابینہ کی چھ اہم وزارتوں کی ذمہ دار ہو گی جن میں وزارت داخلہ، دفاع اور صحت شامل ہیں۔