سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) جنوبی افریقا میں سعودی سفارت خانے نے ملک میں کرونا کے نئے ویریئنٹ اومیکرون کے پھیلاؤ کے بعد صحت کی صورت حال کے حوالے سے نئی پیش رفت کے بارے میں بتایا ہے۔
ہفتے کے روز جاری بیان میں سفارت خانے نے بتایا کہ صحت کے حوالے سے صورت حال اطمینان بخش اور مستحکم ہے اور یہ باعث تشویش نہیں۔ بیان کے مطابق جنوبی افریقا میں سرکاری حکام نے کوئی نئے احتیاطی اقدامات نہیں کیے۔
سعودی سفارت خانے نے جنوبی افریقا میں مقیم سعودی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ وزارت خارجہ کی ویب سائٹ Www.mofa.gov.saاور ای میل ZAEMB@MOFA.GOV.SA کے ذریعے اپنے کوائف اور رابطے کے ذرائع کا اندراج کرائیں۔
مزید برآں جنوبی افریقا میں موجود سعودی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ملک میں اپنائے گئے طبی احتیاطی اقدامات پر مکمل عمل درامد کریں۔ سفارت خانے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورت حال کے واقع ہونے پر سفارت خانے کے ٹیلی فون اور سعودی شہریوں کے امور کی ہنگامی ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بہت سے عالمی فضائی کمپنیوں نے اپنی جنوبی افریقا آمد و رفت کی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔