اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی ہلاکت پر سری لنکا کی وزارت خارجہ کا بیان سامنے آ گیا۔
اسلام آباد میں سری لنکن وزارت خارجہ کے ترجمان سگیس واراگوناراتنے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہےکہ واقعے سے متعلق پاکستانی حکام کےساتھ تفصیلات کاجائزہ لے رہے ہیں، توقع ہے پاکستانی حکام تحقیقات اور انصاف یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔
ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھاکہ توقع ہے پاکستانی حکام تحقیقات اور انصاف یقینی بنانے کے لیے مطلوبہ کارروائی کریں گے، ہم سیالکوٹ واقعےکی تحقیقات کےنتائج کےمنتظر ہیں، ذمہ داروں کے خلاف وزیراعظم پاکستان کی کارروائی کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتےہیں۔
دوسری جانب پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے اور آپریشن رات سے جاری ہے اور رات 50 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد حراست میں لیے گئے ملزمان سے تفتیش جاری ہے جس سے دیگر ملزمان کی نشاندہی میں مدد مل رہی ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کی ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور تلاش کا عمل جاری ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز 3 دسمبر کو اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔
انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔