اٹلی میں 11 ڈائنوسار کا پورا ریوڑ دریافت

Dinosaur

Dinosaur

ٹرائسٹے: اٹلی میں ایک ہی مقام سے لگ بھگ گیارہ ڈائنوسار کے رکازات ملے ہیں جو اس ملک سے ہونے والی سب سے بڑی اور اہم دریافت بھی ہے۔

ٹرائسٹے شہر کے قریب پہاڑی سلسلے سے ڈائنوسار کے فاسل ملے ہیں جن میں ایک ڈھانچہ بڑے ڈائنوسار کا بھی ہے۔ اس ڈائنوسار کو ’برونو‘ کا نام دیا گیا ہے جو ملک سے ملنے والے ڈائنوسار کا سب سے مکمل ترین ڈھانچہ بھی ہے۔

اگرچہ 1990 کے عشرے سے اٹلی میں ڈائنوسار کی باقیات ملتی رہی ہیں۔ لیکن یہ بہت سے ڈائنوسار کا ایک ریوڑ ہے جو دریافت ہوا ہے۔ ٹرائسٹے شہر کے قریب چونے کے پتھر پر مشتمل پہاڑی سلسلے سے یہ اہم دریافت ہوئی ہے۔ ان میں سے ایک کا نام ٹیتھی شیڈروس انسیولیرس بھی ہے جو آٹھ کروڑ سال پہلے یہاں موجود تھا اور پانچ میٹر لمبا بھی تھا۔

جامعہ بولونا کے پروفیسر فریڈریکو فینٹی کہتے ہیں کہ اگرچہ اٹلی ڈائنوسار کی وجہ سے مشہور نہیں لیکن اب ان جانوروں کا پورا جتھا ملا ہے۔ فریڈریکو اس تحقیق کے سربراہ ہیں جنہوں نے تفصیلی روداد سائنٹفک رپورٹس میں شائع کرائی ہے۔

سارے ڈائنوسار ویلیجئو ڈیل پیسکاٹور نامی مقام سے ملے ہیں۔ یہاں بہت سے نوجوان ڈائنوسار کی باقیات ملی ہیں جن میں سب سے مکمل برونو کی ہیں۔ برونو کا ڈھانچہ بہت حد تک مکمل اور اب تک سب سے بڑا بھی ہے۔ ان کے ساتھ مچلھیوں، اڑنے والے ریپٹائل اور شرمپ جیسے کیڑے کی باقیات بھی ملی ہیں۔

اس سے قبل اٹلی کی مشہور کوہِ ایلپس پر مگرمچھ جیسے ایک جانور کے قدموں کے نشانات بھی ملے تھے۔