لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) سری لنکا کے مقتول شہری پریانتھا کمارا کی میت سری لنکا روانگی کے لیے ائیرپورٹ پہنچا دی گئی۔
سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں بے دردی سے قتل کیے جانے والے نجی فیکٹری کے منیجر اور سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی میت لے جانے کے لیے سری لنکن سفارتخانے کے اہلکار علی الصبح اسپتال پہنچے جہاں اہلکاروں نے پریانتھا کی میت پر پھول رکھے۔
پریانتھا کمارا کی میت کو سیالکوٹ سے لاہور لایا گیا اور اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کی نمائندگی صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم نے کی، عثمان بزدار کو اہم میٹنگ کے باعث اسلام آباد جانا پڑا۔
پریانتھا کماراکی میت کو آج کولمبو روانہ کیا جائے گا جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ 3 دسمبر کو اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔
انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔