سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ دوحہ میں امیرقطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ ان کی بات چیت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی گہرائی کی مظہر ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ولی عہد نے شیخ تمیم کو بھیجی گئی ایک کیبل میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی قیادت میں دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی مشترکہ خواہش پرزوردیا ہے۔
سعودی ولی عہد کی کیبل دوحہ میں مذاکرات کے اختتام کے بعد سامنے آئی ہے۔ وہ دسمبرکے وسط میں الریاض میں خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس سے قبل خلیجی ریاستوں کا دورہ کررہے ہیں۔
اس سے قبل جمعرات کوسعودی ولی عہد اورامیرقطرشیخ تمیم نے دوحہ کے لوسیل اسٹیڈیم کا دورہ کیا جوفیفا ورلڈ کپ ٹورنا منٹ کی میزبانی کے لیے تیار کیے جانے والے بہت سے کھیل کے میدانوں میں سے ایک ہے۔
سعودی ولی عہد عمان ،متحدہ عرب امارات اورقطر کا دورہ مکمل کرچکے ہیں اور وہ جمعرات کو بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے ہیں۔انھوں نے دوحہ کے لیے مختصر پرواز سے قبل بدھ کودبئی میں ایکسپو2020ء کا دورہ کیا تھا جہاں انھوں نے یواے ای اور سعودی عرب کے پویلین دیکھے تھے۔