ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان نے منشیات کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے دفتر میں ہفتہ وار حاضری سے استثنیٰ حاصل کرنے کے لیے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا۔
آریان کو تقریباً 20 دن تک ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں رکھا گیا جس کے بعد 28 اکتوبر کو ان کی ضمانت منظور کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق آریان کی ضمانت کی شرائط میں سے ایک یہ تھی کہ انہیں ہر جمعے کو ممبئی میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے دفتر میں حاضری دینا ہوگی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آریان ضمانت کے بعد ہر جمعے کو ممبئی کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے دفتر میں حاضری کیلئے جاتے تھے۔
تاہم اب رپورٹس سامنے آرہی ہیں کہ آریان خان نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے دفتر میں ہفتہ وار حاضری سے استثنیٰ حاصل کرنے کے لیے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان کی طرف سے عدالت کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ چونکہ کیس کی تحقیقات اب دہلی این سی بی کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو منتقل کر دی گئی ہے، اس لیے ممبئی کے دفتر میں حاضری سےاستثنیٰ دیا جائے۔
اس کے علاوہ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب بھی آریان این سی بی کے دفتر جائیں تو باہر میڈیا والوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے ان کے ساتھ پولیس اہلکار ہوں۔
آریان کے وکلا نے کہا کہ درخواست کی سماعت ہائیکورٹ میں اگلے ہفتے متوقع ہے۔