لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان احتساب سے بچنے کے لیے خود کو این آر او دے رہے ہیں۔
لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران احسن قبال نے کہا کہ نوجوان روزگار، مزدور جینے کا حق اور کسان کھاد مانگ رہا ہے لیکن وزیراعظم اپوزیشن کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان خود کو این آر او دے چکے ہیں، وہ بتائیں آج دنیا میں کون ہمارے ساتھ کھڑا ہے، بڑھکیں مار کر سفارتکاری نہیں ہوتی۔
احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم نے معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے اور قبل از وقت انتخابی جلسے شروع کر دئیے ہیں، کوئی ملک اُن سے بات کرنے کو تیار نہیں ہے، وہ ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں لہذا انہیں چاہیے کہ استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان یہ بھی بتائیں کہ ڈیڈ کمیشن کی رپورٹ کہاں ہے، اس بار اسٹبلشمنٹ کو ایک پیج پر رہنا بہت ہی مہنگا پڑا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان فارن فنڈنگ اور تحائف کی رسیدیں دیں، یہ ثاقب نثار کے صادق اور امین تو ہو سکتے ہیں عوام کے نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز سے مخالفین کو ڈنڈے مروائے گئے، ایسے اقدامات سے قومی اداروں کا تشخص مجروح ہو گا۔