ریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں پہلی بار کسی بھارتی اداکار نے میوزیکل کنسرٹ پیش کیا ہے اور یہ اعزاز دبنگ اسٹار سلو بھائی کے ہاتھ آیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکار سلمان خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ریاض پہنچے ہیں جہاں اداکار کا سرکاری سطح پر پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
میوزیکل کنسرٹ کے لیے سلمان خان کے ساتھ بالی وڈ کے ممتاز ستارے شلپا شیٹھی، جیکولین فرنینڈس اور دیگر ساتھی فنکار بھی آئے ہیں۔
آئے تو دبنگ اسٹار میوزیکل کنسرٹ کے لیے تھے تاہم اس سے قبل سلمان خان کے ہاتھوں کا نقش بھی لیا گیا جو ریاض کی مصروف ترین شاہراہ پر نصب کیا جائے گا۔
سلمان خان کے میوزیکل کنسرٹ میں 80 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی اور جب دبنگ اسٹار نے انٹری دی تو ہزاروں شائقین نے دیوانہ وار محبت کا اظہار کیا۔
بھارتی اداکار نے اپنی پرفارمنس سے مداحوں کے جیت لیے اور اس موقع کو تاریخی قرار دیا۔ مداحوں نے بھی اپنے پسندیدہ اداکار سے والہانہ وابستگی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں وژن 2023 کے تحت سیاحت اور ثقافت کو خاص اہمیت دی گئی ہے اور اس سے قبل معروف گلوکار جسٹن بیبر نے بھی 6 دسمبر کو ریاض میں کنسرٹ کیا تھا جس میں 70 ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔