سان فرانسسكو: یوٹیوب نے ایک نئے آپشن کی آزمائش شروع کردی ہے جس کے تحت ویڈیو میں شامل اہم مقامات کو ازخود واضح کرکے اس کی مختصر معلومات کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب ایک اور فیچر کی آزمائش بھی کی جا رہی ہے جس کے ذریعے ویڈیو بنانے والے اپنے آٹو چیپٹرز کو ایڈٹ کرسکتے ہیں اور ان میں مزید تفصیلات یا لنک کا اضافہ بھی کرسکتے ہیں۔ یوٹیوب کے مطابق اس طرح کاروبار اور تجارت کے لیے یہ بہت مفید ثابت ہوتا۔
یوٹیوب نے اپنے بلاگ، یوٹیوب نوٹس میں کہا ہے کہ’ یہ نیا فیچر ویڈیو کے نیچے وضاحتی گوشے (ڈسکرپشن باکس) میں ظاہر ہوگا۔ اس کی بدولت دیکھنے والے اس مقام سے آگاہ ہوسکیں گے۔‘ اس سے قبل یوٹیوبر کو ہی اہم مقامات کی تفصیلات ویڈیو میں شامل کرنا پڑتی تھیں۔ لیکن یوٹیوب الگورتھم کی وجہ سے اب یہ فیچر خودکار انداز میں کام کرے گا۔ لیکن پہلے کھانے پینے کی اشیا اور مقامات کی آزمائش کی جائے گی۔
یوٹیوب نے ’کلیکشنز‘ کے نام سے ایک اور فیچر کی آزمائش شروع کی ہے جس میں آپ کے پسندکردہ چینلز کی بنا پر اسی طرح کی ویڈیوز یا چینل سامنے آئیں گے۔ مثلاً سائنس اور کمپیوٹرپر معلومات کے چینل سبسکرائبر کے سامنے ایسے ہی مزید یوٹیوب چینل اور ویڈیونمودار ہوں گی۔
اس کے علاوہ اب یوٹیوبر اپنی ویڈیو کے حصوں یا چیپٹرز کو بھی آسانی سے ایڈٹ کرسکتے ہیں۔ بہت سے تخلیق کاروں نے اس کی شکایت کی ہے۔