بھارت کی ہرناز سندھو نے ‘مس ​​یونیورس’ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

Harnaaz Sandhu

Harnaaz Sandhu

ہندوستان (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت نے مس یونیورس 2021 کا ٹائٹل اکیس سال بعد اپنے نام کر لیا۔

یہ اعزاز بھارت کی ہرناز کور سندھو نےحاصل کیا جنہوں نے 79 ممالک کی حسیناؤں کو پیچھے چھوڑ کر مس یونیورس کا تاج اپنے نام کیا اور ساتھ ہی وہ مس یونیورس کا خطاب جیتنے والی تیسری ہندوستانی لڑکی بھی بن گئیں۔

اس سے قبل 21 سال پہلے اداکارہ لارا دتہ نے سنہ 2000 میں اور اداکارہ سشمیتا سین نے سنہ 1994 میں ہندوستان کو مس یونیورس کا خطاب دلایا تھا۔

70ویں مس یونیورس مقابلہ 12 دسمبر کو اسرائیل میں منعقد ہوا جس کی رنر اپ مس پیراگوئے نادیہ فریرا اور سیکنڈ رنر اپ مس ساؤتھ افریقہ لالیلا مسوانے تھیں۔

21 سالہ ہرناز سندھو نے حال ہی میں ‘مس دیوا مس یونیورس انڈیا 2021’ کا خطاب بھی جیتا تھا۔

پنجاب کے چندی گڑھ کی رہائشی ہرناز سندھو پیشے کے اعتبار سے ماڈل ہیں۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم شیوالک پبلک اسکول چندی گڑھ سے حاصل کی۔

ہرناز چندی گڑھ سے گریجویشن کرنے کے بعد ان دنوں ماسٹرز مکمل کر رہی ہیں۔