جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) نئے جرمن چانسلر اولاف شولس کی کابینہ نے اضافی بجٹ کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے۔ ساٹھ بلین یورو کے اضافی بجٹ کو ماحول دوست معیشت کی مد میں استعمال کیا جائے گا۔
جرمنی کی نئی حکومت نے، جس اضافی بجٹ کی منظوری دی ہے، اس سے نئی حکومت ایسی سرمایہ کاری کرنے کی کوشش کرے گی، جس سے ملکی اقتصادیات کا جھکاؤ گرین اکانومی کی جانب ہو سکے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ رواں برس قرض کی صورت میں حاصل کیے گئے ساٹھ بلین یورو ابھی تک استعمال نہیں کیے جا سکے تھے۔
اس اضافی بجٹ پر نئی جرمن حکومت میں شامل مرکز کی جانب جھکاؤ رکھنے والی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی، ماحول دوست گرین پارٹی اور کاروبار نواز فری ڈیموکریٹک پارٹی نے مخلوط حکومت کی تشکیل کی ڈیل میں معاملات طے کیے تھے۔
ماحول دوست مالی پالیسی ساٹھ بلین یورو کے علاوہ حکومت کا ارادہ ہے کہ انکم ٹیکس کی مد میں جمع ہونے والے اُن اٹھارہ بلین یورو کو بھی ماحول دوست سرمایہ کاری کے منصوبوں پر استعمال کیا جائے، جو ایکو ٹیکس اور تجارتی اسکیموں پر عائد کاربن ڈائی آکسائیڈ اخراج کے کنٹرول ٹیکس سے حاصل ہوا ہے۔
نئی مخلوط حکومت نئے اربوں ڈالر کے استعمال سے عوامی بہبود کے ایسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش مند ہے، جن سے خاص طور پر کلائمیٹ پروٹیکشن کے منصوبوں کو تسلسل دیا جا سکے۔ ان منصوبوں میں الیکٹرک کاروں کے چارجنگ پوائنٹس، گھروں کو گرم رکھنے کا عمل یا انسولیٹنگ اور ملکی اقتصادیات کی ڈیجیٹلائزیشن شامل ہیں۔
وفاقی حکومت پر قرضوں کا بوجھ چانسلر اولاف شولس کی مخلوط حکومت نے ملکی دستور میں قرض حاصل کرنے کی بنیادی رکاوٹ کو سن 2022 میں بھی معطل رکھنے کو حالات کا تقاضا قرار دیا ہے۔ اس دستوری شق کو معطل کر کے وفاقی حکومت ایک سو بلین ڈالر کا قرض حاصل کرنے کی مجاز ہوتی ہے۔
کورونا وبا کے پھیلاؤ کی وجہ معاشی گراوٹ سے نمٹنے کے لیے قرض حاصل کرنے پر روک لگانے والی اس دستوری شق کی معطلی کا اگلا برس مسلسل تیسرا سال ہو گا۔ اس شق کو سابق چانسلر انگیلا میرکل کے دورِ حکومت میں سن 2020 میں عبوری طور پر معطل کیا گیا تھا۔
مخلوط حکومت سن 2022 میں اس شق کو معطل رکھے گی لیکن سن 2023 میں اس کو دوبارہ بحال کرنے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔ جرمنی کی وفاقی حکومت پر کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد بھاری قرضوں کا بوجھ بڑھ چکا ہے۔ برلن حکومت کے قرضوں کا حجم سن 2020 میں ایک سو تیس بلین اور سن 2021 میں دو سو چالیس بلین یورو کے نئے قرضوں سے غیر معمولی طور پر بڑھ گیا ہے۔
الیکٹرک کاروں پر رعایت جرمنی کی نئی حکومت نے الیکٹرک اور ہائبرڈ کاروں کی خرید پر خصوصی رعایتیں دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ان رعایتوں کا اعلان نئی مخلوط حکومت کے وزیر اقتصادیات اور ماحولیات رابرٹ ہابیک نے کیا ہے۔ گرین پارٹی کے شریک چئیرمین رابرٹ ہابیک شولس حکومت کے نائب چانسلر بھی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کی حکومت پہلے سے فراہم کردہ مراعات کا تسلسل رکھے گی اور کوشش کرے گی کہ ماحول کو تحفظ دینے کی تمام کوششوں کو مزید تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو تقویت بھی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ترجیحی بنیاد پر اس پہلو پر کام کرے گی کہ سن 2030 میں جرمن سڑکوں پر کم از کم پندرہ ملین الیکٹرک موٹر کاریں سفر کرتی دکھائی دیں۔