لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) شدید دھند سے آج بھی پنجاب کے میدانی علاقوں میں معمولات زندگی مفلوج ہے۔
پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن دھند کے باعث معطل ہے اور کئی مقامی اور بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 کو لاہور سے شیخو پورہ اور ایم 3 کو لاہور سے سمندری تک بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور سے سیالکوٹ موٹروے ایم 11 بھی آمد و رفت کے لیے بند ہے۔
قصور، گوجرانوالہ، جی ٹی روڈ، کالا شاہ کاکو، سادھوکی، مرید کے، کامونکی تک بھی شدید دھند ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
دوسری جانب شیخوپورہ لاہور 220 کے وی کی مین لائن دھند کے باعث ٹرپ کرجانے سے گھریلو صارفین اور پنجاب کی کئی ٹیکسٹائل ملز کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جو 12 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بحال نہ ہو سکی۔