یورپ (اصل میڈیا ڈیسک) یورپی یونین نے کہا ہے کہ یوکرائن کے خلاف فوجی کاروائی کی صورت میں روس کو بھاری نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یورپی یونین کمیشن کی سربراہ اُرسُولا وان ڈر لئین ، یورپی یونین کونسل کے سربراہ چارلس میشل اور یورپی یونین کے ٹرم چئیر مین ملک سلووانیہ کے وزیر اعظم جانز جانسا نے یورپی یونین سربراہی اجلاس کے اختتام پر مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں یورپی یونین کونسل کے سربراہ میشل نے کہا ہے کہ رکن ممالک یوکرائن کی زمینی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کرتے ہیں۔ یوکرائن کے خلاف کوئی جارحیت کی گئی تو اس کے نتائج نہایت سنجیدہ ہوں گے۔ ہم اپنے ساجھے داروں اور اتحادیوں کے ساتھ مِل کر مربوط تدابیر اختیار کرنے کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے اراکین نے ایسی کسی صورت میں روس کے خلاف اقتصادی پابندیوں کے اطلاق کے معاملے میں اتفاق رائے کا اظہار کیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں اُرسُولا وان ڈر لئین نے کہا ہے کہ روس کی یوکرائن کے خلاف قلعہ بندی کے بارے میں ہم نے قبل ازیں اپنے طرز عمل کا اعلان کیا اور روس سے جارحیت سے پرہیز کرنے اور تناو میں کمی لانے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم ماسکو کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں اور اس کا انحصار روس کے روّیے پر ہے۔ لیکن اس میں بھی کوئی شبہ نہیں ہے کہ اگر روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو یورپی یونین اس پر سخت پابندیاں لگائے گی اور اس بارے میں ہم نے کاروائیاں مکمل کر لی ہیں۔
سلووانیہ کے وزیر اعظم جانسا نے بھی کہا ہے کہ یورپی یونین ممالک مشترکہ طرزعمل کے ساتھ قدم اٹھائیں گے۔ ہم روس کو کریمیا کے الحاق سے پیدا ہونے والی صورتحال کو دوہرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس دفعہ ہم تیاری کی حالت میں ہیں۔