بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست پر رپورٹ تیار، ارکان اسمبلی کیخلاف کاروائی کا فیصلہ

Elections

Elections

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبرپختون خوا میں بلدیاتی انتخابات میں شکست پر رپورٹ تیار کر لی گئی ہے، جس کی بنیاد پر ارکان قومی اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کی وجوہات پر رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ جس میں انکشاف ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کی شکست کی بنیادی وجہ مہنگائی کے علاوہ بڑی اندرونی اختلافات تھے، بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کو سپورٹ نہیں کیا گیا۔

تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کرنے سے قبل وزیراعلی محمود خان کی قریبی صوبائی وزراء سے مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مخالف امیدواروں کو اسپورٹ کرنے پر دو ارکان قومی اسمبلی اور چار ارکان صوبائی اسمبلی کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ پر وزیراعظم عمران خان کی صدارت مشاورتی اجلاس آج ہونے کا امکان ہے، جس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعلی و گورنر خیبر پختونخوا، اسپیکر قومی اسمبلی اور خیبر پختونخوا کے بعض وزراء کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔