قوم کو سود کی لعنت سے نجات دلوانا چاہتا ہوں:ایردوان

Tayyip Erdogan

Tayyip Erdogan

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ زر مبادلہ کو آزاد منڈیوں کے معاشی اصولوں کے مطابق معقول شرح تناسب پر لانے کے لیے گزشتہ روز اعلان کردہ پروگرام اپنے ہدف تک پہنچ گیا ہے۔

صدر نے انصاف و ترقی پارٹی کے ہفتہ واراجلاس سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ دس سال کے دوران سازشی ٹولوں نے ہر قسم کے حربے استعمال کرتے ہوئے ہماری معیشت کو نقصان پہنچانا چاہا،مالیاتی سازشوں سے بھی ہمیں اقتصادی لحاظ سے مفلوج کرنا چاہا مگر ہم نے مستعدی اور دانش مندی سے ان کا مقابلہ کیا اور اللہ کی مدد اور قوم کے تعاون سے ہم نے ان تمام حربوں اور سازشوں ک پروا کیے بغیر اپنی جدو جہد جاری رکھی۔ ہمارا یہ عزم ہے کہ ہم ملک کو ترقی کی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

صدر نے کہا کہ میں اپنی قوم کو سود کی لعنت اور بلند افراط زر سے نجات دلوانا چاہتا ہوں، جس کے لیے ایک نیا اقتصادی و ڈپازٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں زر مبادلہ کو آزاد منڈیوں کے معاشی اصولوں کے مطابق معقول شرح تناسب پر لانے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقتصادی پروگرام 8 کروڑ 40 لاکھ شہریوں کے لیے ہے جو کہ ہماری معاشی ترقی میں برابر کے حصے دار بھی ہیں، ہم اپنی قوم کے مال و زر کی حفاظت کو ممکن بنائیں گے۔