لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) بورڈ آف ریونیو پنجاب نے کرپشن پر 125 ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابرحیات تارڑ کی زیر صدارت فل بورڈ اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ بورڈ آف ریونیو، لینڈریکارڈ اتھارٹی اور فیلڈ دفاتر میں بدعنوانی پر 471 افسران و اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی گئی ہے جن میں سے 125 ملازمین کو نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ دوران کارروائی 22 ملازمین کو جبری ریٹائراور 50 ملازمین کی سروس ضبط کی گئی جب کہ 262 افسران و اہلکاروں کو دیگر محکمانہ سزائیں دی گئی ہیں۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابرحیات تارڑ کا کہناتھا کہ بورڈ آف ریونیو میں کرپشن کےخلاف زیرو ٹالرنس ہے جب کہ احتساب کے نظام سے گڈ گورننس کو فروغ دیا جا رہا ہے۔