خیبرپختون خوا: بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مارچ میں ہو گا

Election

Election

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختون خوا کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مارچ میں منعقد کرانے کا اعلان کردیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے موسم کی شدت کے باعث بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو 16 جنوری کے بجائے مارچ میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن سمیت اٹھارہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا، جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

قبل ازیں صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں ملاکنڈ اور ہزارہ کے پہاڑی علاقے شامل ہیں، جہاں دسمبر سے جنوری تک برف باری اور درجہ حرارت نقطہ انجماد کو پہنچ جاتا ہے، اسی باعث وہاں کے مکین بڑی تعداد میں میدانی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔

صوبائی وزیرکے مطابق ان حالات میں الیکشن کے انعقاد سے آبادی کا بڑا حصہ ووٹ کے حق سے محروم ہوجائے گا، اگر انتخابات مارچ تک ملتوی کیے جائیں تو تمام لوگوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع مل جائے گا۔

واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں خیبرپختون خواہ کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتی جماعت تحریک انصاف کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جمعیت علما اسلام پاکستان (فضل الرحمان گروپ) نے حیران کن نتائج دیے۔

الیکشن میں ہونے والی شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے گورنر خیبرپختون خواہ سے رپورٹ بھی طلب کی تھی جبکہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی نگرانی خود کرنے اور امیدوار کے معاملے میں کارکنان کے تحفظ دور کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔