پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے مہنگائی کے باوجود گورنر ہاؤس پشاور کے مہمان نوازی اور تحائف کے اخراجات کی مد میں پچھلے سالوں کےمقابلے میں سالانہ 67 فیصد کمی کی ہے۔
پچھلے سات سالوں کے دوران گورنر ہائوس کے اخراجات کی مد میں سب سے زیادہ رقم سابق گورنر سردار مہتاب احمد خان کے دورمیں 2015-16کے دوران 2کروڑ 59لاکھ 69ہزار روپے خرچ ہوئے جبکہ موجود ہ گورنر کے تین سالوں کے دوران 2019-20میں سب سے کم رقم 70لاکھ روپے خرچ کی گئی ۔
موجودہ گورنر شاہ فرمان نے 40 ماہ میں صرف 40 گھنٹے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا جبکہ سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے 30 ماہ میں 176 گھنٹے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔
محکمہ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فاٹا کےمجوزہ انضمام کے باعث گورنر نے اخراجات میں ریکارڈ کمی کرنا شروع کردی تھی اسی بنا پر ہر سال بجٹ کی بڑی رقم واپس جمع کرائی گئی۔
آئندہ سال سے گورنر ہائوس کی رقم کم کی جارہی ہے ۔
اطلاعات تک رسائی کے قانون کے تحت حاصل کردہ ریکارڈ کے مطابق مہمان نوازی اور تحائف کے اخراجات کی مد میں مالی سال 2014-15میں سابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان کے دور میں 1 کروڑ 65لاکھ روپے خاطر داری اور تحائف کی مد میں گورنر ہاؤس پشاور کوجاری ہوئے جس میں سے صرف700روپے واپس کئے گئے۔