امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ کووِڈ۔ 19 کے اومیکرون ویرئینٹ کا خطرہ ابھی تک بہت بلند سطح پر محسوس کیا جا رہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ” اومیکرون سے متعلق خطرے کی سطح تاحال بہت بلند ہے۔ متعدد ممالک میں اومیکرون ویرئینٹ کا پھیلاو ڈیلٹا ویرئینٹ پر سبقت لے گیا ہے اور تیزی سے پھیلنا جاری رکھے ہوئے ہے”۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ “اومیکرون، امریکہ اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک میں حاوی ویرئِنٹ کی شکل اختیار کر گیا ہے اور پھیلاو کی اوسط رفتار کے اعتبار سے اس ویرئینٹ کے ڈیلٹا ویرئینٹ کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتار ہونے کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔ تاہم، برطانیہ، جنوبی افریقہ اور ڈنمارک سے موصول ہونے والے ابتدائی اعداد و شمار کے حوالے سے اومیکرون سے متاثرہ افراد کے ہسپتال میں داخل ہونے کی شرح نسبتاً کم ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اومیکرون کے خلاف ویکسینوں کے اثرات پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے اتوار کے دن جاری کردہ بیان میں، ایک ہفتہ قبل کے مقابلے میں، دنیا میں کووِڈ۔19 کیسوں کی تعداد میں 11 فیصد اضافے اور وائرس کی وجہ سے اموات کی تعداد میں 4 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔