لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب کے وزیر بہبود آبادی ہاشم ڈوگر نے صوبے کی بڑھتی آبادی کے حوالے سے خبردار کر دیا۔
لاہور میں پارلیمنٹیرینز کے لیے آگاہی سیمینار سے خطاب کے دوران ہاشم ڈوگر نے خبردار کیا کہ اگر آبادی اسی شرح سے بڑھتی رہی تو 2040 تک پنجاب کی آبادی 22 کروڑ ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اتنی آبادی کے لیے روزانہ 7 نئے اسکولوں، 66 ملین نوکریوں اور 35 ہزارگھروں کی ضرورت پڑے گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت ،خوراک، سینیٹائزیشن بنیادی مسائل ہیں جس کے لیے علما حضرات کے مشکور ہیں کہ جو 10 اضلاع میں لوگوں کو آبادی کے مسائل سے آگہی دینے کے لیے ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ہاشم ڈوگر نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی کی بھرپور کوشش ہے کہ لوگوں میں بڑھتی آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کا شعور اجاگر کیا جائے۔