یو اے ای:دسمبر میں کووِڈ-19کےکیسوں میں 3400 فی صد سے زیادہ اضافہ

UAE Corona Cases

UAE Corona Cases

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں ماہِ دسمبر کے دوران میں کرونا وائرس کے روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسوں میں 3400 فی صد سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

یو اے ای میں گذشتہ اکتوبر سےجاری دو صد کی رینج میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کا اندراج کیا جارہا تھا۔دسمبر کے آغازمیں کروناوائرس کے کیس صرف دوہندسوں میں تھے لیکن گذشتہ ماہ کے آخرمیں یہ تیزی سے بڑھ کر 2426 تک پہنچ گئے تھے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ صرف ایک ماہ میں کرونا وائرس کے کیسوں میں 3468 فی صد کا اضافہ ہے۔

2022ء کے آغاز میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد دوڈھائی ہزار سے اوپرجارہی ہے۔2 جنوری کو 2600 کیس درج کیے گئے ہیں۔ 10 ماہ قبل اتنی تعداد میں کیس 7 مارچ 2021ء کو ریکارڈ کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے اپنی قریباً ایک کروڑ آبادی کو ویکسین لگانے کے لیے جامع مہم چلائی ہے اور اب تک بیشتر آبادی کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگ چکی ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق یواے ای کی 100 فی صد آبادی کو کووِڈ-19 ویکسین کی ایک خوراک ملی ہے اور 92.1 فی صد کو مکمل طور پر ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

یو اے ای نے کرونا وائرس کی نئی شکل اومیکرون کے پھیلنے کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر18 سال سے زیادہ عمرکے ہر شخص کے لیے ویکسین کی اضافی خوراک مہیا کی ہے۔اس مقصد کے لیے ویکسین مقررہ مراکز پر دستیاب ہے۔صحت حکام نے وائرس کے پھیلاؤ پر قابوپانے کے لیے کووِڈ-19 سے متعلق کچھ حفاظتی احتیاطی تدابیر کا دوبارہ نفاذ شروع کر دیا ہے۔