پی سی بی ایوارڈز 2021 کے لیے نامزدگیوں کی فہرست جاری

PCB Awards

PCB Awards

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی ایوارڈز 2021 کے لیے نامزدگیوں کی فہرست جاری کر دی ہے، جس کے مطابق فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو پانچ مختلف کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

21 سالہ فاسٹ باؤلر کو سال کی سب سے متاثر کن کارکردگی، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر، ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور سال کے سب سے قیمتی کرکٹر کی کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔

کیلنڈر ایئر 2021 میں شاہین شاہ آفریدی نے تینوں طرز کی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 9 ٹیسٹ میچز میں 47 وکٹیں ، 6 ون ڈےانٹرنیشنل میں 8 وکٹیں اور 21 ٹی ٹونٹی میں 23 وکٹیں حاصل کیں۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 میں ان کی بھارت کے خلاف 31 رنز کے عوض 3 وکٹیں سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی کی فہرست میں شامل ہے۔ اس کٹیگری میں ان کے علاوہ تین اور نامزدگیاں بھی ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی سمیت تمام کھلاڑیوں کی نامزدگی 10 رکنی آزاد پینل نے کی ہے، جس میں سابق بین الاقوامی کرکٹرز، براڈکاسٹرز اور میڈیا نمائندگان شامل ہیں۔

پی سی بی ایوارڈز جیتنے والے فاتحین کا اعلان ایک ورچوئل ڈیجیٹل شو کے ذریعے کرے گا۔ یہ ڈیجٹل شو 6 جنوری بروز جمعرات کی شام 7 بجے پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب اور فیس بک چینلز پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔

اُدھر محمد رضوان بھی سال کی سب سے بہترین کارکردگی، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر اور سال کے سب سے قیمتی کرکٹر کی کٹیگریز میں نامزد ہوئے ہیں۔ حسن علی کو سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور سب سے قیمتی کرکٹر آف دی ایئر کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

بابر اعظم، فواد عالم اور حارث رؤف کو بھی ایوارڈز کی دو، دو کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

پی سی بی ایوارڈز 2020 کے سب سے قیمتی کرکٹر کا اعزاز حاصل کرنے والے بابراعظم ایک بار پھر اس کٹیگری میں نامزد ہوئے ہیں، اس کے علاوہ وہ سال کے بہترین ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر کی فہرست میں بھی شارٹ لسٹ ہوئے ہیں۔ فواد عالم سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔ حارث رؤف کو ٹی ٹونٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئرکی کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے ارشد اقبال، اعظم خان، محمد وسیم جونیئر اور شاہنواز دہانی کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ یکم اگست 1998 کو یا اس کے بعد پیدا ہونے والے یا اس کیلنڈر ایئر میں انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے یا کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایونٹس اور ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کم از کم 15 میچز کھیلنے والے کھلاڑی اہل ہیں۔ اس کٹیگری میں ایک مرتبہ نامزد ہونے والے کھلاڑی کو دوبارہ نامزد نہیں کیا جا سکتا۔ لہٰذا اس کیلنڈر ایئر میں متاثر کن کارکردگی کے باوجودحیدر علی اور محمد حریرہ کو اس کٹیگری کے لیے نامزد نہیں کیا گیا کیونکہ وہ گزشتہ سال شارٹ لسٹ ہوچکے تھے۔

بہر حال محمد حریرہ کو ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے آصف آفریدی، افتخار احمد، صاحبزادہ فرحان اور طیب طاہر کے ساتھ شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ سال ایوارڈ جیتنے والی عالیہ ریاض ، انعم امین، فاطمہ اور ندا ڈارکو ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ امپائر آف دی ایئر اور اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈز کے ونرز کا اعلان بھی جمعرات کی شام 7 بجے ہوگا۔

نامزدگیاں:
ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر:
• آصف آفریدی (پاکستان کپ، نیشنل ٹی ٹونٹی اور قائد اعظم ٹرافی میں 59 وکٹیں)
• افتخار احمد (پاکستان کپ، نیشنل ٹی ٹونٹی اور قائد اعظم ٹرافی میں 1,456 رنز)
• محمد حریرہ (اپنی پہلی قائد اعظم ٹرافی میں 986 رنز)
• صاحبزادہ فرحان (پاکستان کپ، نیشنل ٹی ٹونٹی اور قائداعظم ٹرافی میں 1869 رنز)
• طیب طاہر (پاکستان کپ، نیشنل ٹی ٹونٹی اور قائد اعظم ٹرافی میں 1,670 رنز)
ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر:
• ارشد اقبال
• اعظم خان
• محمد وسیم جونیئر
• شاہنواز دہانی
ویمن کرکٹر آف دی ایئر:
• عالیہ ریاض (11 ون ڈے انٹرنیشنل میچز، 382 رنز؛ 6 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 94 رنز؛ پاکستان ویمنز کپ میں 364 رنز)
• انعم امین (9 ون ڈےانٹرنیشنل میچز میں 15 وکٹیں؛ 6 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 7 وکٹیں)
• فاطمہ ثناء (13 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 20 وکٹیں؛ 3 ٹی ٹوئنٹی، 4 وکٹیں؛ پاکستان ویمنز کپ میں 6 وکٹیں)
• ندا ڈار (10 ون ڈے، 363 رنز اور 6 وکٹیں؛ 6 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں95 رنز اور 7 وکٹیں؛ پاکستان ویمنز کپ میں 146 رنز اور 14 وکٹیں)
سال کی متاثر کن کارکردگی:
• فواد عالم (109 بمقابلہ جنوبی افریقہ، پہلا ٹیسٹ)
• حسن علی (10-114 بمقابلہ جنوبی افریقہ، دوسرا ٹیسٹ)
• محمد رضوان (79* بمقابلہ بھارت، آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ)
• شاہین شاہ آفریدی (3-31 بمقابلہ بھارت، آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ)
ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر:
• حارث رؤف (23 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 25 وکٹیں)
• محمد رضوان (29 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 1,326 رنز)
• شاداب خان (18 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 20 وکٹیں)
• شاہین شاہ آفریدی (21 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 23 وکٹیں)
ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر:
• بابر اعظم (6 ون ڈےانٹرنیشنل میچز میں 405 رنز)
• فخر زمان (6 ون ڈےانٹرنیشنل میچز میں 365 رنز)
• حارث رؤف (6 ون ڈےانٹرنیشنل میچز میں 13 وکٹیں)
• شاہین شاہ آفریدی (6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 8 وکٹیں)
ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر:
• عابد علی (9 ٹیسٹ، 695 رنز)
• فواد عالم (9 ٹیسٹ، 571 رنز)
• حسن علی (9 ٹیسٹ، 41 وکٹیں)
• شاہین شاہ آفریدی (9 ٹیسٹ، 47 وکٹیں)
سال کا سب سے قیمتی کرکٹر:
• بابر اعظم (8 ٹیسٹ میچز میں 416 رنز؛ 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 405 رنز؛ 29 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 939 رنز)
• حسن علی (8 ٹیسٹ میچز میں 41 وکٹیں؛ 4 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 7 وکٹیں؛ 18 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 25 وکٹیں)
• محمد رضوان (9 ٹیسٹ میچز میں 455 رنز؛ 6 ون ڈےانٹرنیشنل میچز میں 134 رنز؛ 29 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 1,326 رنز)
• شاہین شاہ آفریدی (9 ٹیسٹ میچز میں 47 وکٹیں؛ 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 8 وکٹیں؛ 21 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 23 وکٹیں)