ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈز کا فراڈ اور بھتہ خوری میں ملوث گرفتار ملزم سکیش چندرشیکھر کے ساتھ ایک تصویر سامنے آنے پر ردعمل سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر جیکولین فرنینڈز کی فراڈ اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم سکیش چندر شیکھر کے ساتھ ایک پرانی تصویر سامنے آئی ہے، ذاتی نوعیت کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس پر صارفین کی جانب سے تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اپنا ردعمل دیتے ہوئے سری لنکا سے تعلق رکھنے والی بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈز کا کہنا تھا کہ اس ملک اور یہاں کی عوام نے مجھے ہمیشہ بے انتہا پیار اور عزت بخشی ہے، ان میں میرے میڈیا کے دوستوں سمیت وہ بھی شامل ہیں جن سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔
جیکولین کا کہنا تھا کہ اس وقت میں مشکل دور سے گزر رہی ہوں پر مجھے یقین ہےکہ میرے دوست اور مداح مجھے اس سے نکلتے ہوئے دیکھیں گے۔
اداکارہ نے اپیل کی کہ ان کی ایسی تصاویر نہ پھیلائیں جن سے ان کی ذاتی اور نجی زندگی متاثر نہ ہو، آپ اپنے کسی عزیز کے ساتھ ایسا نہیں کریں گے اور نہ ہی میرے ساتھ ایسا کریں گے، امید ہے کہ انصاف اور ذمہ داری کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔
خیال رہےکہ جیکولین فرنینڈز 200 کروڑ (بھارتی) روپے سے زائدکے فراڈ اور بھتہ خوری میں ملوث گرفتار ملزم سکیش چندرشیکھرکےکیس میں زیر تفتیش ہیں، گذشتہ سال اگست میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نئی دہلی میں اداکارہ سے 5 گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی تھی جس کے بعد انہیں دوبارہ طلب کرکے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سکیش چندر شیکھر نے جیل میں رہتے ہوئے جیکولین کو 10 کروڑ (بھارتی) روپے سے زائد کے تحفے بھیجے اور ضمانت پر رہائی کے دوران سکیش چندر شیکھر کی جانب سے جیکولین کو ممبئی سے چنئی لانےکے لیے چارٹرڈ طیارہ بھی بک کروایا گیا۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو یہ بھی شک ہے کہ سکیش چندر شیکھر نے ایک تاجر کی بیوری سے لیے گئے بھتے کے پیسے بھی جیکولین کو بھجوائے۔
اس حوالے سے جیکولین کہتی رہی ہیں کہ وہ اس معاملے میں بے قصور ہیں اور تفتیش میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں۔