تحریک عدم اعتماد کی تجویز ہے نہ آپشن، احسن اقبال

 Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ابھی تک تحریک عدم اعتماد کی کوئی تجویز نہیں اور نہ ہی اس آپشن پر غور کیا جا رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ جب تک ہمیں حکومتی اتحادیوں کے ساتھ ملنے کا یقین نہ ہو، اس وقت تک یہ کام نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت چلی جائے اور ایک قابل حکومت آجائے تو آئی ایم ایف سے ازسر نو معاہدہ کیا جا سکتا ہے۔

ن لیگ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ حکومت سے نجات کیلئے آئینی راستے اختیار کرنے کے حامی رہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں حکومت گرانے کیلئے عوامی دباؤ بڑھانا چاہئے، عوامی دباؤ سے حکومتی صفوں میں انتشار اور حلیف علیحدہ ہونے پر مجبور ہو جائیں گے۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا تھا کہ حکومت کسی بھی بحران کو قابو نہیں کرسکی، اگر عوام کی جیب خالی ہے تو یہ بجٹ جعلی ہے، یہ بجٹ مہنگائی اور بے روزگاری کا بجٹ ہے۔