کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) کوئٹہ میں حکومت، ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے ایمرجنسی سروسز بحال کردیں۔
ینگ ڈاکٹرز کا سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز اور ان ڈور سروسز کا بائیکاٹ بدستور جاری ہے۔
چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر حفیظ مندوخیل کے مطابق حکومتی کمیٹی سے آج مذاکرات کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل بتایا جائے گا، اجلاس میں پیشرفت ہونے کے بعد او پی ڈی بھی بحال کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹرز نے ریڈزون جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے ڈاکٹرز پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے 20 ڈاکٹروں کو گرفتار کرلیا جب کہ اس دوران 6 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
رات گئے مذاکرات کامیاب ہونے پر گرفتار ڈاکٹروں کو رہا کر دیا گیا۔
گرفتار ڈاکٹراور پیرا میڈیکل اسٹاف رہائی کے بعد سول اسپتال پہنچے، رہائی پانے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو وزرا کی گاڑیوں میں تھانے سے لایا گیا۔