اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں عالمی وبا کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 7 افراد انتقال کر گئے اور 3567 نئے مریض بھی سامنے آئے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 48449 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3567 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 7 افراد انتقال کر گئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.36 فیصد رہی۔
اس سے قبل 16 اگست 2021 کو ملک میں کورونا کے 3221 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے، اس روز پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.26 اور اموات 95 تھیں۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 28999 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 15 ہزار 834 تک پہنچ چکی ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 362 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 60 ہزار 407 ہو گئی ہے۔