اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 10 فیصد یا اس سے زائد کورونا کیسز والے علاقوں مں نئی ایس او پیز لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ ایند آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا کی بڑھتی شرح، ویکسی نیشن اور عوامی مقامات سمیت تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائز ہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
این سی او سی ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 فیصد یا اس سے زیادہ کیسز والے علاقوں کے لیے نئی ایس او پیز لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نئی ایس او پیز کو صوبوں کی مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن یا ایک دن چھوڑ کر اسکول کھولنے جیسے فیصلے صوبوں کی مشاورت سے ہوں گے۔
واضح رہےکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی شرح 10 فیصد تک جا پہنچی ہے جب کہ کراچی میں وائرس کی شرح سب سے زیادہ ہے جو 35 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔