پاکستان میں کورونا کا 16 سال سے کم عمر بچوں پر وار، پی ایم اے نے صورتحال خطرناک قرار دے دی

Pakistan Corona Children

Pakistan Corona Children

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی سمیت ملک بھر میں 16 سال سے کم عمر بچے بھی کورونا سے متاثر ہونے لگے جب کہ ڈاکٹروں کی تنظیم کا کہنا ہے کہ ملک میں اگلے دو سے تین ہفتے کورونا صورت حال کے حوالے سےبہت زیادہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔

وفاقی وزارت صحت کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 39 فیصد کے قریب پہنچ گئی۔

ڈاکٹروں کی تنظیم پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے بھی کراچی میں کورونا کے بڑھتےکیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 40 فیصد تک جا پہنچی، یہ تعداد صرف رجسٹرڈ کورونا کیسز کو ظاہر کرتی ہے،غیر رجسٹرڈ کیسز کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔

ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اومی کرون اپنی ہیئت تبدیل کرسکتا ہے اور زیادہ مہلک اور شدید ہوسکتا ہے، اس لیے حکومت فوری طور پر سیاسی جلسوں، دھرنوں اور اجتماعات پر پابندی عائد کرے۔

پی ایم اے نے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں پر جرمانے اور سزائیں دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق 17 جنوری کو ملک بھ میں 53 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 9.45 فیصد یعنی 5 ہزار 34 کیسز مثبت پائے گئے ۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10 افراد کا انتقال بھی ہوا۔