ریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے کل پیر کے روز امریکی وزیر خارجہ کی معاون برائے افریقی امور خاتون سفیر مولی وی اور افریقا کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی ڈیوڈ سیٹرفیلڈ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ریاض اور واشنگٹن کے بیچ تزویراتی تعلق اور اس تعلق کو تعاون کے تمام شعبوں میں مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔
ریاض میں شہزادہ فرحان کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں کی جانب سے بر اعظم افریقا میں امن و استحکام کی مضبوطی کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ ساتھ ہی افریقی ممالک اور اقوام کی ترقی بھی زیر بحث آئی۔ علاوہ ازیں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں سعودی وزارت خارجہ کے سکریٹری برائے سیاسی و اقتصادی امور عید بن محمد الثقفی اور سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے کی خاتون ناظم الامور مارٹینا اسٹرونگ بھی تھیں۔