22افراد کو جانتا ہوں جو اب حکومت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے، شاہد خاقان کا دعویٰ

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ الیکشن جیتنے کے بعد پارٹی وزیراعظم کے امیدوار کا فیصلہ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری نے جو باتیں کی ہیں سمجھ سے باہر ہیں،ان کی باتیں صرف توجہ حاصل کرنے کی کوشش ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کے امیدوار سے متعلق فیصلے جماعت وقت پر کرتی ہے جبکہ میں وزیراعظم کے عہدے کا خواہشمند ہوں نہ طلب گار ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اقتدار کے خواہشمند نہیں، ہم چاہتے ہیں ملک کا نظام آئین کے مطابق ہو، جبکہ آج ملک کی ضرورت ہے کہ عوام کو شفاف الیکشن ملیں۔

اس کے علاوہ شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ وہ 22 افراد کو جانتے ہیں جو اب حکومت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے اور دیکھنا حکومت ایک دن بیساکھیوں کے بغیر نہیں رہ سکتی۔

انہو ں نے کہا کہ 22 لوگ ہٹ جائیں تو حکومت اکثریت کھو دے گی پھر شاید عدم اعتماد کی ضرورت نہ پڑے۔

اس کے علاوہ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انتطار کررہے ہیں کہ ملک کا نظام آئین کے مطابق چلے جبکہ اس حکومت کے ساتھ نہ اتحادی اور نہ بہت سے ارکان ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وزرا کی جانب سے نواز شریف کے خلاف ن لیگ میں بغاوت کے دعوے کیے جارہے تھے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگی قیادت نواز شریف کا پتہ صاف کرنے پر تلی ہے۔ ن لیگ میں ریس لگی ہوئی ہے، پہلی صف میں بیٹھنے والے چار لیڈرز نواز شریف کو ہٹاکر خود قیادت سنبھالنا چاہتے ہیں۔