جرمنی: پہلی بار ایک دن میں ایک لاکھ سے بھی زائد کورونا کیسز

Germany Corona Cases

Germany Corona Cases

جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) جرمنی میں ہفتہ وار کیسز کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اب فی ایک لاکھ افراد میں 584.4 کی نئے انفیکشن کی شرح پر پہنچ گیا ہے۔ اومیکرون ویریئنٹ زور پکڑتا جا رہا ہے، اسی لیے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

جرمنی میں 19 جنوری بدھ کے روز کورونا وائرس کے ایک لاکھ بارہ ہزار 323 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے کیسز میں یہ ایک نیا ریکارڈ ہے اور پہلی بار ایک دن کے اندر ایک لاکھ سے بھی زیادہ افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے۔

صحت کے حوالے سے معروف جرمن ادارے، رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ (آر کے آئی) نے یہ اعداد و شمار بدھ کو علی الصبح شائع کیے ہیں۔

رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات دنوں کے دوران ملک میں ہفتہ وار واقعات کی شرح بھی کافی اضافہ ہوا ہے اور اب فی ایک لاکھ افراد میں نئے انفیکشن کی شرح 584.4 تک پہنچ گئی ہے۔

ابتدا میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون جرمنی میں یورپی پیمانوں کے مطابق دیگر علاقوں کے مقابلے میں کافی سست تھی، تاہم حالیہ ہفتوں میں ملک میں نئے کیسوں کی تعداد میں اسی طرح سے تیزی سے اضافہ ہوا ہے جیسا کہ فرانس، نیدرلینڈ اور برطانیہ جیسے کئی آس پاس کے دیگر ممالک میں دیکھا گیا ہے۔

جرمنی نے حالیہ دنوں میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندیاں سخت کر دی ہیں۔ یہاں تک کہ بارز اور ریستوراں تک اب صرف انہیں لوگوں کو رسائی حاصل ہے جنہوں نے اپنے بوسٹر ویکسین لگوا لیے ہیں یا جنہوں نے اپنا ٹیسٹ کروا لیا ہے۔ اس فہرست میں پہلے وہ لوگ شامل تھے جنہوں نے ویکسین کی خوراکیں مکمل کر لی ہوں یا پھر اچھی طرح سے صحت یاب ہو چکے ہوں۔

جرمنی میں ایک بڑا طبقہ کورونا کی روک تھام کے لیے جو بندشیں عائد ہیں اس کے خلاف ہے اور بڑی تعداد میں لوگ اس کے خلاف مظاہرہ بھی کرتے رہے ہیں۔

دارالحکومت برلن، کولون، کوٹبس، اور روشٹاک سمیت کئی دیگر شہروں کی سڑکوں پر ہر پیر کی شام کو ہزاروں مظاہرین حکومت کی کورونا وائرس کی روک تھام کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

گزشتہ پیر کو بھی احتجاجی ریلیوں میں مظاہرین نے لازمی ویکسین لگوانے کے احکامات پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ پولیس کے اندازوں کے مطابق ملک گیر ایسی ریلیوں میں ستر ہزار سے زائد شہریوں نے شرکت کی تھی۔

جرمنی میں کورونا وائرس کا نیا ویریئنٹ اومیکرون بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس لیے ملک میں کووڈ کیسز کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ تاہم ابھی تک مریضوں کے ہسپتالوں میں داخلے اور اموات کی شرح میں اتنی تیزی سے اضافہ نہیں دیکھا گیا۔ اس امر کی ایک اہم وجہ ملک میں شہریوں کا زیادہ تعداد میں ویکسین لگوانا خیال کیا جاتا ہے۔