سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں میں مزید کمی

Saudi Arabia Coronavirus

Saudi Arabia Coronavirus

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں مزید کمی واقع ہوئی ہے اور وزارت صحت نے ہفتے کے روز کووِڈ-19 کے 4608 نئے کیسوں کی تشخیص اور گذشتہ 24 گھنٹے میں دو نئی اموات کی اطلاع دی ہے۔

سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس سے 8918 اموات ہوچکی ہیں جبکہ ہفتے کے روزتشویش ناک کیسوں کی تعداد 637 ہو گئی ہے۔جمعہ کو ایسے کیسوں کی تعداد جمعہ 591 تھی۔

سعودی عرب سمیت عالمی سطح پر حالیہ ہفتوں میں کرونا وائرس کی انتہائی متعدی شکل اومیکرون کی وجہ سے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہواہے لیکن اب مملکت میں مسلسل دوسرے دن کیسوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سعودی عرب میں تشخیص شدہ کیسوں کی کل تعداد 647,819 تک پہنچ گئی ہے۔ان میں سے 594762 صحت یاب ہوچکے ہیں۔گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19کا شکار 4622 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔

اب تک مملکت میں کروناوائرس ویکسین کی 55,042,256 کی خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام آبادی کی اکثریت کوویکسین لگانے کے لیے کوشاں ہیں اور ملک بھر میں ویکسی نیشن کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت( ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ تیدروس ادھانوم غیبریوسس نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’کروناوائرس کی وبا کہیں بھی ختم نہیں ہوئی ہے‘‘۔ انھوں نے اس بیانیے کے خلاف خبردار کیا کہ تیزی سے پھیلنے والی اومیکرون قسم خطرے سے پاک ہے۔