کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) شہرِ قائد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح ایک بار پھر 40 فیصد سے زائد ہو گئی ہے۔
کراچی میں کورونا کیسز بڑھنے کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس اوپیز کی سرعام خلاف ورزی کی جا رہی ہے، گرین لائن بسوں میں سفر کرنے والوں میں سے اکثر ماسک تک پہننے کو تیار نہیں ہیں۔
تعلیمی اداروں میں بھی کورونا کے مسلسل کیسز سامنے آ رہے ہیں جبکہ شہر کی انتظامیہ بھی کورونا پابندیوں پرعمل درآمد کرانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔
ادھر راولپنڈی میں مزید 6 اسکول اور 3 کالجز 3 فروری تک سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ پشاور میں خیبر گرلز میڈیکل کالج سمیت 5 تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں، ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی کورونا وائرس کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا سے مزید 15مریضوں کا انتقال ہوا جب کہ 5 ہزار 200 نئے کیسز سامنے آئے اور کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے زائد رہی۔