ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے روس کے صدر ولادی میر پوتن کے دورہ ترکی کی تارِیخ، ان کی بیجنگ اولمپکس سے واپسی کے بعد واضح ہو گی۔
چاوش اولو نے دارالحکومت انقرہ میں جمہوریہ وسطی افریقہ کے وزیر خارجہ سائیلوی بائیپو تیمون کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ “اسٹریٹجک تعاون اجلاس کے لئے صدر ایردوان نے پوتن کو دورہ ترکی کی دعوت دی ہے۔ دورے کے لئے ماہِ جنوری کا شیڈول موزوں نہ ہونے کی وجہ سے کریملن کے جاری کردہ بیان کے مطابق پوتن بیجنگ اولمپکس سے واپسی کے بعد دورے کی تاریخ کا اعلان کریں گے”۔
روس۔ یوکرائن کشیدگی کے بارے میں چاوش اولو نے کہا ہے کہ “ہم متعدد دفعہ اپنے خیالات کا اظہار کر چُکے ہیں اور مستقل کہتے چلے آ رہے ہیں کہ اس کشیدگی کو جنگ میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ ہم ڈائیلاگ کے دوام کے خواہش مند ہیں”۔
آرمینیا کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں انہوں نے کہا ہے کہ آرمینیا کے ساتھ بحالی تعلقات مرحلہ اعتماد کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے ساتھ جاری ہے۔ اس دائرہ کار میں ترکی اور آرمینیا کے خصوصی نمائندوں کے درمیان پہلا اجلاس روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہوا۔ خصوصی نمائندے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے کی حالت میں ہیں اور اگلا اجلاس کہاں اور کس وقت ہو گا اس کا فیصلہ خصوصی نمائندے خود کریں گے۔
چاوش اولو نے کہا ہے کہ ہماری دعوت پر، آرمینیا کے وزیر خارجہ آرارات میرزویان اور نمائندہ خصوصی روبن روبنیان انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے۔ یہ شرکت اعتماد میں فروغ کا بھی ایک اہم حصہ ثابت ہو گی۔