کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7ویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے شان مسعود اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت لاہور کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
207 رنز کا ہدف ملتان سلطانز نے 19.4 اوورز میں حاصل کرلیا، شان مسعود 83 اور محمد رضوان نے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ نے 4 گیندوں پر 18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ صہیب مقصود 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد لاہورقلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 206 رنزبنائے۔
فخرزمان نے 35 گیندوں پر76 رنزبنائے، انہوں نے اننگز میں 11 چوکے اور 2 چھکے لگائے، کامران غلام 43 اور عبداللہ شفیق نے 24 رنزبنائے۔
ملتان سلطانز کےخوشدل شاہ، شاہنواز داہانی، احسان اللہ، عمران طاہر اور ڈیوڈ ویلی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حارث رؤف اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آج دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایکشن میں ہوں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔