سیول (اصل میڈیا ڈیسک) جنوبی کوریا کی یونہاپ خبر رساں ایجنسی نے ہفتے کے روز ایک باخبر ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا اور ایران اگلے ماہ مذاکرات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے تحت سیول میں تہران کے منجمد اثاثوں پر برسوں سے جاری تنازع کے حل کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
ذرائع نے اپنی شناخت مخفی رکھتے ہوئے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اگر امریکا ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کرتا ہے تو ورکنگ گروپس منجمد ایرانی اثاثوں کی منتقلی پر بات چیت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکام پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد ایران سے تیل کی درآمد دوبارہ شروع کرنے کے امکان کے بارے میں مزید بات کر سکتے ہیں۔
جنوبی کوریا میں ایران کے منجمد اثاثوں کا تخمینہ امریکی پابندیوں کے تحت 7ارب ڈالر ہے جو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 2018 میں 2015 کے ایران جوہری معاہدے سے دستبرداری کے اعلان کے بعد دوبارہ عائد کی گئی تھیں۔