ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت کے مقبول کامیڈین سنیل گروور کو کچھ دن قبل دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد ان کا بائی پاس کیا گیا ہے۔
اس موقع پر جہاں اداکار کے لیے دیگر شوبز شخصیات نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا وہیں ان کے پرانے دوست کپل شرما بھی پریشان دکھائی دیے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپل شرما نے کہا کہ سنیل کے بارے میں سن کر میں صدمے میں ہوں، ایسی بیماریوں کے لیے ابھی اس کی عمر بہت چھوٹی ہے، مجھے اس کے دل کی بیماری نے خاصہ فکر مند کر دیا ہے۔
کپل کا کہنا تھا کہ میں نے سنیل کی خیریت پوچھنے کے لیے اسے موبائل پر میسج کیا تھا لیکن امید تھی کہ اس کا فوری جواب نہیں آئے گا کیونکہ وہ اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد مصروف ہوگا۔
کپل شرما کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں قریبی دوستوں اور سنیل کے اہلخانہ سے گاہے بگاہے اس کی خیریت دریافت کرتا رہتا ہوں۔
واضح رہے کہ کپل شرما کے پروگرام میں خاتون ‘گتھی’ کا کردار ادا کرنے والے سنیل گروور اور کپل شرما کے درمیان 2017 میں سنگین نوعیت کا جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد سنیل نے کپل سے اپنی راہیں جدا کرلی تھیں اور ‘دی کپل شرما شو’ کو بھی خیرباد کہہ دیا تھا۔
اس کے بعد اب تک میڈیا پر یہ باتیں زیرِ گردش رہیں کہ دونوں دوستوں کے درمیان تاحال حالات بہتر نہیں ہو سکے ہیں۔