حدیدہ (اصل میڈیا ڈیسک) یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب عسکری اتحاد نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ حوثیوں نے حجہ گورنری میں حرض اور “عاھم” مثلث کی طرف 4 بیلسٹک میزائل داغے۔
اتحاد نے کہا کہ حوثی بیلسٹک میزائل الحدیدہ اور صنعا بین الاقوامی ہوائی اڈے سے داغے گئے۔
اتحاد نے بتایا کہ حدیدہ بندرگاہ اور صنعا کے ہوائی اڈے کے فوجی استعمال سے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کو خطرہ ہے۔
انہوں نے یمن کے اندر شہریوں کی حفاظت کے لیے خطرات کے ذرائع سے نمٹنے کے لیے آپریشنل اقدامات کرنے کا عہد کیا۔
ایک اور پیشرفت میں سرکاری سعودی میڈیا نے یمن میں سعودی زیرقیادت اتحاد کے حوالے سے کہا کہ اتحاد نے یمن میں انسانی امور کی رابطہ کاری کونسل اور ریڈ کراس کو یمنی حوثی گروپ کےصعدہ جیل پرحملے سے متعلق الزامات پر بات کرنے کے لیے مدعو کیا ہے۔
چند ہفتے قبل صعدہ کی جیل پر میزائل حملوں میں 60 افراد مارے گئے تھے جن میں زیادہ تر قیدی تھے۔ صعدہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کا گڑھ ہے۔ حوثیوں نے جیل پر حملوں کی ذمہ داری عرب اتحاد پر عاید کی تھی مگر عرب اتحاد نے ان الزامات کو سختی سے رد کردیا ہے۔
اس کے علاوہ یمنی فوج کے میڈیا سنٹر نے کل پیر کو بتایا کہ فوج کے توپ خانے نے مآرب گورنری کے شمال مغربی محاذ میں حوثی گروپ کے ٹھکانوں اور اجتماعات پر بمباری کی جس کے نتیجے میں حوثی باغیوں کا بے پناہ جانی اور مالی نقصان ہوا۔
مرکز نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے مزید کہا کہ اتحادی فوج کے طیاروں نے مارب کے مغرب میں الگ الگ علاقوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں اور پر حملے کیے۔