لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پْرعزم بیٹرز اور پْرجوش بولرز میں اعصاب شکن معرکوں کیلیے لاہور میں میدان سج گیا جب کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7کے دوسرے مرحلے کا آج سے قذافی اسٹیڈیم میں آغاز ہوگا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا 27 جنوری سے شروع ہونیوالا پہلا مرحلہ 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مکمل ہوا،اس دوران مجموعی طور پر کھیلے گئے 15 سنسنی خیز میچز میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی بالادستی قائم رہی، محمد رضوان کی قیادت میں ٹیم نے اپنے تمام پانچوں میچز میں کامیابی حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 6پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر براجمان ہے، لاہور قلندرز کے پوائنٹس بھی 6ہیں مگر رن ریٹ کی بنیاد پر تیسرے نمبر پر موجود ہے،اب تک2،2 میچز جیتنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب چوتھا اور پانچواں نمبر ہے۔
تمام پانچوں میچز میں شکست کے باعث بابراعظم کی زیرقیادت کراچی کنگز کیلیے ٹورنامنٹ کے باقی ماندہ میچز جیتنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ لاہور میں میچز کا جمعرات سے آغاز ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مقابل ہوں گی،محمد رضوان الیون ناقابل شکست ٹیم کا اعزاز برقرار رکھنے کا عزم لیے میدان میں اترے گی،وہاب ریاض الیون کی نگاہیں پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن بہتر بنانے پر مرکوز ہوں گی۔
کراچی میں کھیلے جانے والی گزشتہ مقابلے میں پشاور زلمی کو 57رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا،جمعرات کو شیڈول میچ کیلیے ملتان سلطانز کو مستحکم بیٹنگ لائن کی خدمات حاصل ہیں۔
کپتان محمد رضوان کا ساتھ دینے والے شان مسعود بھی بھرپور فارم میں ہیں،صہیب مقصود بڑے اسکور نہیں کرپائے مگر صلاحیت رکھتے ہیں،ٹم ڈیوڈ، جانسن چارلس اور خوشدل شاہ چھکے چھڑا سکتے ہیں،پیسرز شاہنواز دھانی،بلیسنگ موزاربانی اور عباس آفریدی کا ساتھ دینے کیلیے اسپنر عمران طاہر موجود ہوں گے۔پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن مسلسل جدوجہد کررہی ہے۔
حضرت اللہ زازئی اور بین کٹنگ نے 2،2 اچھی اننگز کھیلی ہیں،کامران اکمل، حیدر علی،شعیب ملک،شرفین ردر فورڈ کی کارکردگی میں تسلسل نہیں، کپتان وہاب ریاض رنز نہیں روک پا رہے،ثاقب محمود کے آنے سے بھی کوئی فرق نہیں پڑا،سلمان ارشاد کی کارکردگی بہتر البتہ اسپنرز عثمان قادر اور محمد عمر مہنگے ثابت ہورہے ہیں۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے ہر رکن پر فخر ہے، ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل کی خوشی ہے،ہم کراچی کی طرح لاہور میں بھی اپنے مخصوص برانڈ کی کرکٹ کھیلیں گے، دوسرے مرحلے میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پْرجوش ہیں۔
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نیکہاکہ پہلے مرحلے میں ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی،ہم تجربہ کار اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی موجودگی میں لاہور میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کیلیے پْرعزم ہیں، زیادہ سے زیادہ کامیابیاں سمیٹ کر پلے آف مرحلے میں رسائی کی کوشش کریں گے، سب جانتے ہیں کہ پشاور زلمی جب ایک بار پلے آف مرحلے میں پہنچ جائے تو پھر اسے روکنا آسان نہیں ہوتا، لہٰذا ہم ایونٹ میں شاندار کم بیک کے لیے پْرامید ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں میچز کیلیے تیاریاں مکمل ہو چکیں، شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا اور وہ بڑی بے تابی سے بیٹ اور بال کی جنگ شروع ہونے کا انتظار کررہے ہیں،سیکیورٹی ادارے اپنی پوزیشنز سنبھالے ہوئے ہیں، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار وینیو اور اطراف میں سخت پہرہ دے رہے ہیں۔