امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) مریکی صدر جو بائیڈن نے ایسی میڈیا رپورٹیں مسترد کر دی ہیں کہ ملکی فوج میں ان کے افغانستان سے حتمی انخلا کے فیصلے پر عدم اطمینان پایا جاتا ہے۔ بائیڈن نے کہا کہ افغانستان سے انخلا کے لیے ’کوئی بھی وقت اچھا وقت نہیں‘ تھا۔
امریکی فوجی افغان دارالحکومت کابل کے ہوائی اڈے سے رخصتی کے لیے امریکی ایئر فورس کے ایک طیارے میں سوار ہوتے ہوئے
امریکی صدر جو بائیڈن
اخبار کے مطابق امریکی فوج کے کئی کمانڈروں نے یہ الزام بھی لگایا کہ وائٹ ہاؤس اور ملکی وزارت خارجہ نے افغانستان سے فوجی انخلا کے مشن کی تیاریاں نہ صرف بہت تاخیر سے شروع کیں بلکہ ساتھ ہی طالبان کو حاصل ہونے والی عسکری کامیابیوں کو بھی نظر انداز کیا گیا۔ صدر بائیڈن کا موقف
صدر بائیڈن نے جمعرات دس فروری کی شام امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کے ساتھ ایک انٹرویو میں ایسی رپورٹوں اور ملکی فوجی کمانڈروں کی طرف سے کی جانے والی مبینہ تنقید کو رد کرتے ہوئے کہا، ”نہیں، یہ وہ سب کچھ نہیں، جو مجھے بتایا گیا تھا۔‘‘ ڈیموکریٹ صدر بائیڈن اب تک متعدد مرتبہ اپنے فیصلوں کے حوالے سے ایسے الزامات کے خلاف دفاعی موقف اختیار کر چکے ہیں کہ افغانستان میں تقریباﹰ بیس سال تک جاری رہنے والی امریکا کی طویل ترین جنگ کا خاتمہ اور فوجی انخلا دونوں بہت جلد بازی میں کیے گئے۔
جو بائیڈن نے این بی سی کو بتایا، ”افغانستان سے فوجی انخلا کے لیے کوئی بھی اچھا وقت تو کبھی تھا ہی نہیں۔‘‘ انہوں نے اس رائے کے حق میں دلیل دیتے ہوئے کہا کہ مکمل فوجی انخلا کا واحد متبادل صرف یہی ہو سکتا تھا کہ مزید امریکی فوجی افغانستان بھیجے جائیں، ”لیکن تب ہم پھر اسی جنگ کی طرف لوٹ جاتے، جو بتدریج غیر مؤثر ہوتی جا رہی تھی۔‘‘
گزشتہ برس اگست میں افغانستان سے امریکی فوجی دستوں کا حتمی اور مکمل انخلا کافی انتشار کا شکار رہا تھا۔ اس کے تقریباﹰ ساتھ ہی ہندوکش کی اس ریاست میں سخت گیر طالبان ایک بار پھر اقتدار میں آ گئے تھے، جنہیں امریکا نے دو عشرے قبل اس ملک پر فوجی چڑھائی کر کے اقتدار سے نکالا تھا۔
تب اس پیش رفت کو سپر طاقت امریکا کی حوصلے پست کر دینے والی فوجی شکست سے تعبیر کیا گیا تھا۔ یہی نہیں تب امریکی حکومتی اقدامات اور افغانستان میں طالبان کے دوبارہ برسراقتدار آ جانے کی وجہ سے امریکا کے مغربی اتحادی ممالک کی طرف سے صدر جو بائیڈن پر شدید تنقید بھی کی گئی تھی۔