کراچی میں ایس او کو ٹریفک چالان کا اختیار صرف ایک ہفتے کیلئے ہے: پولیس چیف

Karachi Traffic Challan

Karachi Traffic Challan

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں غیرضروری چالان روکنے کے لیے صرف سیکشن افسر کو چالان کرنے کا اختیار ایک ہفتے کے لیے دیا گیا ہے۔

غلام نبی میمن نے کہا کہ انہوں نے محسوس کیا کہ ٹریفک پولیس نیو کلیکشن کا ادارہ بن کر رہ گیا ہے، دھڑا دھڑ چالان کرکے ریونیو کلیکشن کے دوران پولیس والوں کی ٹریفک کے معاملات سے توجہ ہٹی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ریونیو کلیکشن کا ادارہ نہیں بلکہ یہ ٹریفک کی بحالی اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرانے کی ذمہ دار ہے، ٹریفک پولیس افسران کو چالان کا ٹاسک دینے کا معاملہ بھی سراسر غلط ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھاکہ ٹریفک پولیس افسران اور اہلکاروں کو شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کام کرنا چاہیے، اس سلسلے میں بہت جلد ٹریفک پولیس کے افسران کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے۔

واضح رہے کہ کراچی میں چالان کرنے کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی تھی، غیرضروری چالان اور جرمانوں سے نجات کے پہلے دن شہر میں ٹریفک کی روانی میں کافی بہتری آئی ہے، مختلف مقامات اور پلوں کے نیچے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے جتھے غائب ہوگئے ہیں، اب ٹریفک پولیس اہلکار شہر کی مختلف شاہراہوں پر شہریوں کی مدد اور ٹریفک بحال کرتے نظر آئے ہیں۔