ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) سلمان خان کے شاگرد ارجن کپور اور ارباز خان کی سابق اہلیہ ملائکہ اروڑا کیلئے تنقیدیں کوئی انوکھی بات نہیں۔ دونوں بالی وُڈ سپر اسٹار جب سے ایک ساتھ ہوئے ہیں تنقیدوں کی زد میں ہیں لیکن اس سے ارجن کپور کو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ اُن کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں اس سے زیادہ کٹھن حالات سے گزر چکے ہیں۔
2019 میں ملائکہ کی سالگرہ پر ارجن نے سوشل میڈیا پر ملائکہ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی جس کے بعد دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ بڑی وجہ یہ تھی کہ ملائکہ نے خان فیملی سے بےوفائی کی جبکہ دونوں نے اپنی عمروں میں 12 سال کے فرق کو بھی ملحوظ نہیں رکھا۔
حال ہی میں ارجن کپور نے ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ تنقیدیں بہت چھوٹی سی بات ہے۔ میں اس سے بھی مشکل دور سے گزر چکا ہوں۔ میں نے اپنے والدین کو علیحدہ ہوتے ہوئے دیکھا، ماں کو کھویا، والد پر آئے مشکل وقت کا حصہ بنا اور پھر اپنی سوتیلی ماں سری دیوی کی موت کا غم سہا۔
انہوں نے کہا کہ آپ سمجھ سکتے ہیں کہ زندگی کتنی مختصر ہے لیکن محبت جاوداں۔ کبھی کبھی بڑے کام ہمیشہ زور و شور سے کرنا لازمی نہیں ہوتا بلکہ آپ خاموشی سے بھی کسی بات یا کسی شخص کیلئے ثابت قدم رہ سکتے ہیں جس پر آپ کو یقین ہے۔