پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس رپورٹ ہوئے 2 سال مکمل

Pakistan Corona Case

Pakistan Corona Case

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوئے 2 سال ہو گئے۔

پاکستان میں 26 فروری 2020 کو کراچی میں کورونا کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی، کورونا سے متاثرہ شخص صحتیاب ہو گیا تاہم مارچ کے دوسرے ہفتے تک کورونا کے کیسز وفاق سمیت چاروں صوبوں سے بھی سامنے آنے لگے۔

ملک میں کورونا کے باعث پہلی ہلاکت کی تصدیق 17 مارچ 2020 کو کی گئی۔

پہلی لہر میں کورونا کے سب سے زیادہ کیس جون میں رپورٹ ہوئے جس کے بعد بڑھتے کورونا کیسز اور اموات کے باعث ماحول میں خوف بڑھتارہا۔

دنیا بھر کی طرح پاکستانی عوام نے بھی کورونا کی 5 لہروں کا سامنا کیا ،اب تک 15 لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے 14 لاکھ سے زائد افراد صحتیاب ہوئے جب کہ پاکستان میں کورونا سے اموات 30 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

این سی او سی کے مطابق پنجاب میں 5 لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے اور سب سے زیادہ اموات ہوئیں جن کی تعداد 13 ہزار سے زائد ہے۔

اس کےعلاوہ سندھ میں بھی کورونا کے 5 لاکھ66 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ8 ہزار سے زائد افراد انتقال کر چکے ہیں۔

کورونا پر قابو پانے کے لیے پاکستان میں انسداد کورونا ویکسین کا آغاز تقریباً ایک سال بعد 2 فروری 2021 کو شروع ہوا ، اب تک ملک میں ویکسین کی اہل آبادی کو مجموعی طور پر 21 کروڑ 22 لاکھ سے زائد خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔