لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور ممبر قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزیراعظم کا فیصلہ پارٹی قائد نواز شریف کریں گے۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سیاسی صورتحال میں سیاسی جماعتوں میں رابطے ہوتے ہیں، فون اور اشارے آنے بند ہو گئے ہیں، نواز شریف کا بیانیہ اور مؤقف کامیاب نظر آ رہا ہے کہ سیاست سیاستدانوں کو کرنی چاہیے، ٹیلی فون اور اشاروں سے سیاست نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ میں کسی کا نام نہیں لیتا لیکن ہر ادارے کو اپنا اپنا کام کرنا چاہیے، مسلم لیگ ن نے ہوم ورک مکمل کر کے نواز شریف کو پیش کر دیا ہے، اگلے الیکشن میں ووٹ کو عزت ملے گی۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کئی لوگ نواز شریف کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، وزیراعظم بھی نواز شریف کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزیراعظم کا فیصلہ نواز شریف کریں گے، پنجاب کے وزیراعلیٰ کا فیصلہ بھی نواز شریف کریں گے۔