لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن 7 کے فائنل میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطان کو 42 رنز سے شکست دے کر پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے فائنل میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیا، اننگز کے آخر پانچ اوورز میں ہیری بروک اور ڈیوڈ ویز نے دھواں دھار بیٹنگ کر کے اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجایا۔
ملتان سلطانز کی اننگز
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، شان مسعود 19 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے اور کپتان محمد رضوان کو محمد حفیظ نے چلتا کیا، عامر عظمت 6 اور آصف آفریدی صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، رلی روسو 15 رنز کے انفرادی اسکور پر حفیظ کی بال پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے، ٹم ڈیوڈ بھی 17 گیندوں پر 27 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں سلطانز کے خوش دل شاہ 33 رنز اور ڈیوڈ ویلے بغیر کھاتہ کھولے کلین بولڈ ہوئے۔
اس کے بعد رومان رئیس اور عمران طاہر 138 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔ 181 رنز ہدف کے تعاقب میں سلطانز کی ٹیم 19.3 اوورز میں 138 پر ڈھیر ہوگئی۔
ملتان کے خوش دل شاہ 32 اور ٹم ڈیوڈ 27 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ محمد حفیظ اور زمان خان نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں، اسی طرح حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
لاہور قلندرز کی اننگز
لاہور قلندرز کا فائنل میچ میں ٹاس جیت کر آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر فخر زمان صرف 3 رنز بنا کر آصف آفریدی کی بال پر آؤٹ ہوئے، لاہور کی پہلی وکٹ 12 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، بعد ازاں ذیشان اشرف 7 رنز بنا کر چلتے بنے، عبداللہ شفیق 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کامران غلام اور محمد حفیظ نے لڑکھڑاتی ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی۔
بعد ازاں کامران غلام بھی 15 رنز بنا کر آصف آفریدی کا شکار بن گئے تاہم محمد حفیظ نے ذمے دارانہ اننگز کھیلی اور 46 گیندوں پر 69 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پہلی اننگز کے آخر میں ہیری بروک اور ڈیوڈ ویز نے جارحانہ بیٹنگ کی، ویز صرف 8 بولوں پر 28 جبکہ ہیری بروک 41 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
اس طرح مقررہ 20 اوورز میں لاہور قلندرز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیا۔
ملتان سلطانز کے آصف آفریدی نے 3 جبکہ ڈیوڈ ویلے اور شاہ نواز داہانی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔