اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ گیم عمران خان کے ہاتھ سے نکل چکی ہے بیساکھیوں پر حکومت چل رہی ہے، عمران خان کو معلوم ہے وہ جانے والا ہے، اگلی حکومت کیلئے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کل وزیراعظم نے ایک اور یو ٹرن مارا ہے، 10 روپے تیل پر کم کئے، لیکن 20 روپے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پہلے بتاتے تھے دنیا میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اس لیے بڑھا رہے ہیں، جبکہ نیپرا بجلی کا ریٹ مقرر کرتا ہے وہ کہہ رہا ہے 6 روپے یونٹ بڑھنا ہے، حکومت 5 روپے بچلی سستی کرتی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مہنگائی کم کرنی تھی تو آٹا چینی گھی کی قیمتیں کم کرتے، ان کا کہنا تھا کہ آخری وقت عمران خان کو نظر آ رہا ہے ایک جھوٹ بول کر ہمدردیاں سمیٹی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس لیے اجلاس نہیں بلا رہی کیونکہ تحریک عدم اعتماد آجائے گی، حکومت جلد گھر جائیگی کیونکہ غیر آئینی طریقے سے حکومت آئی تھی۔
لیگی رہنما نے کہاکہ اس حکومت کے ہوتے ہوئے سارے تماشے کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے، چیئرمین نیب خود ڈیلی ویجز پر چل رہے ہیں،مشیر اپنے اثاثے دے کر جائیں تاکہ ان کا بھی احتساب ہو سکے،وہ حکومت جو احتساب کے نعرے مار کر آئی تھی آج کرپٹ ترین حکومت بن چکی ہے۔
شاہد خاقان نے کہاکہ احتساب کے نعرے لگانے والی کرپٹ حکومت ثابت ہوئی ہے، وزراء اور مشیر کرپٹ ترین ثابت ہوئے ہیں، وقت دور نہیں یہ سب کٹہرے میں کھڑے ہوں گے، جو حکومت غیرآئینی طریقے سے آئی تھی وہ آئینی طریقے سے گھر جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ حکومت بیساکھیوں پر کھڑی تھی، اب بیساکھیاں بھی ان کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتیں، حکومت بڑے شوق سے مدت پوری کرنا چاہتی ہے لیکن عوام اسے ایسا نہیں کرنے دیں گے۔
ایک سوال کے جواب پر شاہد خاقان کاکہنا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریکوں کی تشہیر نہیں ہوتی، جب جمع ہوں گی تو پتہ چل جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں ہمارے خلاف کیس بنائیں اور ٹی وی کے سامنے آکر بتائیں،چیئرمین نیب کیمروں کے سامنے بتائیں کہ کیا کیس ہیں، ہم بھی کیمروں کے سامنے جواب دیں گے۔
ق لیگ سے متعلق شاہد خاقان نے کہا کہ انہیں خود فیصلہ کرنا ہے کہ اقتدار کا ساتھ دینا ہے یا عوام کیساتھ جانا ہے۔