پشاور قصہ خوانی بازار کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ، 56 افراد شہید

Peshawer Qissakhawani Blast

Peshawer Qissakhawani Blast

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) قصہ خوانی بازار میں واقع جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 56 افراد شہید اور 194 زخمی ہوگئے، جن میں سے متعدد کی حالت تشیویشناک ہے۔

پشاور کے معروف قصہ خوانی بازار کوچہ رسالدار میں واقع جامع مسجد میں ایک خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخلے کے دوران ایک پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے شہید کردیا، جس پر دوسرے پولیس اہلکار نے مزاحمت کی تو حملہ آور نے اس پر بھی فائرنگ کردی بعدازاں حملہ آور نے مسجد کے اندر داخل ہوکر پہلے فائرنگ کی پھر خود کو دھماکے اسے اڑالیا۔

دھماکے اور فائرنگ کے سبب 56 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئے، امدادی اداروں نے زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

نمائندہ خصوصی نے بتایا کہ دھماکا ایک تنگ گلی میں واقع مسجد میں ہوا، دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا جس میں اب تک 56 افراد کی اموات کی تصدیق ہوئی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

نمائندے کے مطابق شہر میں ریسکیو کی بہترین سروس ہے لیکن گلی تنگ ہونے کی وجہ سے ریسکیو رضاکاروں کو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، دھماکے والی گلی کے باہر 30 سے زائد ایمبولینسز کھڑی ہیں لیکن گلی میں ایک وقت میں صرف ایک ایمبولینس جاسکتی ہے۔

پولیس کے ایس ایس پی آپریش ہارون رشید نے دھماکے کے خودکش حملہ ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ مسجد کے دروازے پر سیکیورٹی کے لیے دو پولیس اہلکار تعینات تھے، حملہ آور ایک تھا جس نے آتے ہی پولیس پر فائرنگ کرکے ایک اہلکار کو شہید کردیا جب کہ دوسرا اہلکار حملہ آور کو روکنے کی کوشش کے دوران زخمی ہوگیا۔

تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے پشاور دھماکے کی ابتدائی معلومات سامنے آگئیں جن کے مطابق خودکش حملے میں بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔ ٹیم کے مطابق حملہ آور کا اسلحہ بھی جائے وقوع سے مل گیا جو کہ نائن ایم ایم پستول ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کہا ہے کہ دھماکے میں 5 سے 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، بارودی مواد اعلیٰ کوالٹی کا تھا جس میں بال بیرنگ بھی شامل کیے گئے تھے۔

پشاور دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شلوار قیمص پہنا ہوا حملہ آور پیدل چلتا ہوا آیا، نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کرتے ہوئے مسجد میں داخل ہوا، اس نے پہلے ایک پولیس اہلکار پر فائرنگ کی جس سے اہلکار شہید ہوگیا پھر دہشت گرد نے مسجد کے اندر جاکر بھی فائرنگ کی اور دھماکا کردیا۔